اسلام آباد ( بیورو چیف)چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں یوٹیوب پر روزانہ560ملین لوگ ویڈیوز دیکھتے ہیں اور دنیا میں یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے میں پاکستان سرِ فہرست ہے۔چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمن نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں بریفنگ دی۔بریفنگ میں چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کے 10 کروڑ صارفین کے اکانٹس ہیں، 15 کروڑ پاکستانی ٹک ٹاک پر ویڈیوز دیکھتے ہیں، اس وقت 96 ملین پاکستانی یوٹیوب استعمال کر رہے ہیں، پاکستان میں یوٹیوب پر روزانہ 560 ملین لوگ ویڈیوز دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں واٹس ایپ کے 10 کروڑ صارفین کے اکانٹس ہیں، پاکستانی واٹس ایپ پر روزانہ 1 ارب کالز کرتے ہیں اور واٹس ایپ سے روزانہ12 ارب پیغام ارسال ہوتے ہیں۔وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ نے اجلاس کو بتایا ہے کہ سوشل میڈیا اور اے آئی استعمال سے ڈیٹا کے استعمال میں بہت اضافہ ہوا ہے، نواز شریف کے جانے کے بعد کوئی اسپیکٹرم آکشن نہیں ہوئی تھی، نواز شریف ملک کو 4 جی دے گئے، ہم نے 5 جی کی اسپیکٹرم آکشن کی۔انہوںنے کہاکہ 18 لاکھ لوگ ملک میں 5 جی استعمال کر رہے ہیں، 24 شہروں میں 5 جی آ رہا ہے اور بہتر سروسز کے اقدامات کر رہے ہیں۔شزا فاطمہ نے کہا کہ ٹیلی کام سروسز میں خرابی کی کئی وجوہات ہیں، پورا پورا ٹاور چوری ہو جاتا ہے، ڈیزل چوری ہو جاتا ہے اور جنریٹر چوری ہو جاتا ہے۔




