فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آستانہ عالیہ نیو حسیب شہید کالونی میں آل پاکستان صوم و صلوةکمیٹی کے زیر اہتمام امیرحلقہ شبیرحسین نقشبندی کی میزبانی میں محفل ذکرونعت کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر انجمن تاجران مدینہ ٹائون چوہدری وقاص گجر’ مرکزی جنرل سیکرٹری رانا ذوالفقار حمید’ چیئرمینز سید کاشف شاہ’ محمد سلیم خان’ جنرل سیکرٹری ملک شاہد بشیر’ رانا عثمان منج’ ملک علی’ عامر شہزاد’ مرید عباس’ عمیر مغل’ ملک شاہد’ علی اکبر’ وکیل خان’ کیپٹن منورکے علاوہ اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی’ محفل ذکرونعت کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن تاجران مدینہ ٹائون چوہدری وقاص گجر نے کہا کہ نوجوان نسل کو فرقہ واریت سے دور رکھنے کیلئے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے’ ممبرومحراب سے فرقہ واریت کے خلاف آواز بلند ہونی چاہئے جو لوگ فرقہ واریت کو ہوا دیتے ہیںان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے’ انہوں نے کہا کہ محبت رسولۖ اور عشق مصطفی ۖ کو اُجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے’ ہمیں چاہئے کہ نبی آخرالزمان کے اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالیں اور درود وسلام کے نذارنے پیش کرنا اپنا معمول بنا لیں تاکہ ہمارا شمار بھی عاشقان مصطفیۖ میں ہو’ انہوں نے کہا کہ دنیا وآخرت میں کامیابی کے لئے نبی کریم ۖ کے نقش قدم پر چلنا ہوگا’ بلاشبہ دین حق کے راستے پر چلنے والے ہی فلاح پائیں گے ‘ امیرحلقہ و میزبان شبیر حسین نقشبندی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی کرنا شروع کردیں پھر دیکھیں اللہ تعالیٰ آپ کو کیسے نوازتا ہے’ اللہ تعالیٰ آپ کو وہاں سے رزق عطاء فرمائے گا جہاں سے آپ کا گمان تک نہ ہوگا’ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو’ اپنے دل میں اپنے مسلمان بھائی کیلئے اچھا گمان رکھو’ درود شریف کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں’ اٹھتے’ بیٹھتے’ چلتے پھرتے درود شریف پڑھتے رہیں’ درود شریف کی برکت سے اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں کو آسان فرما دے گا اور رزق کے نئے دروازے کھول دے گا’ انہوں نے کہا کہ اپنی اولادوں کو قرآن مجید کا قاری بنائیں اور ان کے دلوں میں قرآن مجید کی محبت اجاگر کریں’ قرآن مجید کا پڑھنا اور سننا عین عبادت ہے’ خوش قسمت ہیں وہ والدین جن کی نیک اولاد قرآن مجید کو اپنے سینے میں سما لیتی ہے’ جس سینے میں قرآن سما جائے وہ سینہ افضل ہو جاتا ہے’ معاشرے کا ہر فرد اپنے معمولات میں تلاوت قرآن مجید کو شامل کرے’ تلاوت قرآن مجید کی برکت سے اطمینان و سکون محسوس ملتا ہے’ بطور والدین ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی اولادوں کو نیک اعمال کی طرف راغب کریں کیونکہ نیک اولاد بھی صدقہ جاریہ ہے’ روح پرور محفل ذکرو نعت میں نعت خواں حضرات نے عقیدت کے پھول نچھاور کئے’ آخر میں ملک و ملت اور آخرت میں فلاح کے حصول کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں’




