گوجرہ ( نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحد یث کے معروف عالم دین علامہ ناصر مدنی آف لاہور ، مولانا عبد القادر عثمان سرپرست اعلیٰ مرکزیہ، مولانا صاحبزادہ شیخین توحیدی جنرل سیکرٹری AYF پنجاب اور مولانا حافظ محمد عمران شاکر صدر AYF تحصیل گوجرہ نے کہا ہے کہ جب تک ہم زندہ ہیں ختم نبوت کی حفاظت اور صحابہ ر کا دفاع کرتے رہیں گے۔ اور صحابہ ر کی عظمت پر جانیں قربان کرتے رہیں گے۔ قرآن وسنت کے عملی نفاذ کیلئے کوششوں کو تیز کرنے، نوجوان نسل کو فحاشی، بے راہ روی، نشے اور دیگر معاشرتی برائیوں سے بچانے کیلئے عملی اقدامات وقت کا تقاضا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک نمبر 355 ج ب روچارام میں میاں محمد شفیق کے ڈیرہ پر منعقدہ محفل ذکر مصطفےۖ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ضلعی امیر حافظ محمد عبداللہ افضل گجر، ناظم اعلیٰ تحصیل گوجرہ میاں محمد افضل، ناظم مالیات محمد ریاض چوہدری، مولانا عابدالرحمن رندھاوا، چوہدری خرم گجر، جنرل سیکرٹری AYF مولانا عدنان افضل گجر، میاں حبیب الرحمن بھی موجود تھے۔ علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا ہے۔ اس کی بنیادوں میں لاکھوں مسلمانوں کا خون شامل ہے انشاء اللہ یہ ملک تاقیامت قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی کی ہے۔




