ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)تھانہ ساندل بار کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران گزشتہ روز دورانِ واردات رکشہ ڈرائیور حسن کو فائرنگ کرکے قتل کرنیوالے دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ساندل بار کے علاقے میں ڈاکوئوں نے واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر رکشہ ڈرائیور حسن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ واقعہ کا سی پی او فیصل آباد نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ ریسکیو پر کال موصول ہوئی کہ چار مسلح ملزمان شہری سے واردات کرکے لنڈا پل کی جانب فرار ہو رہے ہیں۔ اس اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ ساندل بار پولیس نفری کے ہمراہ بائی پاس پر موجود تھے۔ پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور امین پور بائی پاس کی جانب فرار ہونے لگے۔اطلاع ملنے پر ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد، ڈی ایس پی سرکل صدر شاہد اور ایس ایچ او تھانہ ایئرپورٹ قمر زمان بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان ایک زرعی فارم کی دیوار کی اوٹ میں چھپ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے رہے، جس پر پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان مردہ حالت میں پائے گئے، جن کی شناخت راشد علی اور کاشف کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوئے۔پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو پسٹل اور وارداتوں میں چھینے گئے موٹر سائیکل بھی برآمد کرلیے۔ ابتدائی طور پر تکنیکی ذرائع سے تصدیق کے بعد پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان گزشتہ روز رکشہ ڈرائیور حسن کو دورانِ واردات فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے میں ملوث تھے۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔




