ریسکیو1122کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مقابلہ جات

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام سالانہ 9ویں انٹرا ڈسٹرکٹ کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم (CERT)مقابلہ جات کا انعقاد۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ریسکیو 1122کے زیرِ اہتمام سالانہ9ویں انٹرا ڈسٹرکٹ کمیونٹی ایمر جنسی رسپانس ٹیم (CERT)مقابلہ جات کامیابی سے منعقد ہوئے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور شرکا سے خطاب کیا۔مقابلہ جات میں کمیونٹی ٹیموں نے ہنگامی حالات میں ریسکیو کارروائیوں کے عملی مظاہرے پیش کیے، جن میں ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانا، متاثرین کے انخلا اور پانی میں پھنسے افراد کو بچانے کی مشقیں شامل تھیں۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مثالی خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرض شناس اور تربیت یافتہ افراد قوم کا حقیقی سرمایہ ہیں اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ہر فرد کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں فراز منیر نے کہا کہ ان مقابلہ جات کا مقصد رضاکاروں کو ہنگامی حالات میں فوری امداد فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت زندگی بچانے میں کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیم آئندہ ماہ لاہور میں قومی سطح کے نیشنل CERTمقابلہ جات میں حصہ لے گی۔ سابق یوسی چیئرمین میاں عارف نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے اپنے آغاز سے آج تک خدمات کا اعلی معیار برقرار رکھا ہے اور سیفٹی کلچر کے فروغ اور عوامی آگاہی کے لیے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں