فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک نے رحمان بابا ایکسپریس کے افسوسنا ک حادثے اور ٹرین کے پٹری سے اترنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع اور متعدد مسافروں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدر ایف سی سی آئی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک حادثے پر پوری کاروباری برادری اور عوام گہرے صدمے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل دے اور زخمی مسافروں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔انہوں نے اس واقعہ کو ایک دلخراش سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ ریلوے کے ذریعے عوامی سفری سہولت اور قومی سطح پر مال برداری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے ٹریکس، سگنلنگ نظام اور رولنگ اسٹاک کا جامع حفاظتی آڈٹ اور جدید خطوط پر اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ عارف احسان ملک نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹرین کے سفر کو محفوظ اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے اداروں کی سطح پر مؤثر احتساب، حفاظتی معیار پر سختی سے عملدرآمد اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے میں مستقل بنیادوں پر بہتری ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے حادثے کی وجوہات کا تعین کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔




