فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی کی ہدایت پر ڈی ایس ریلوے انعام اﷲ ‘ آئی جی ریلوے محمد وصال فخر سلطان کے خصوصی احکامات پر ریلوے پولیس نے ریلوے ایسٹ کالونی فیصل آباد میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 40 سال سے قائم 9 غیر قانونی رہائشی مکانات کو مسمار کر دیا۔ گرینڈ آپریشن ایس پی ریلوے لاہور کی نگرانی میں متعلقہ ریلوے حکام’ ریلوے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر’ انسپکٹر آف ورکس ریلوے’ ایس ایچ او تھانہ ریلوے فیصل آباد اور ریلوے ملازمین نے آپریشن میں حصہ لیا اور شدید گرمی میں 5 گھنٹے کے مسلسل آپریشن میں ریلوے اراضی پر قائم 40سال سے پختہ تجاوزات کو بھاری مشینری کے ساتھ مسمار کر دیا۔ لوگوں نے ریلوے اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے پختہ مکانات تعمیر کئے ہوئے تھے اور ریلوے حکام کی جانب سے قبضہ مافیا کو کئی مرتبہ گھروں کو خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔ تاہم گزشتہ روز ریلوے حکام نے بھرپور آپریشن کرتے ہوئے ریلوے ایسٹ کالونی میں 9مکانات کو مسمار کرکے 10 ارب مالیت کی ریلوے اراضی کو قبضہ گروپ سے واگزار کروا لیا۔ آئی جی ریلوے پولیس نے کہا ہے کہ ریلوے اراضی پر کسی قسم کی غیر قانونی تجاوزات کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہینگی۔




