فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ اجلاس میں ماہرین نے زراعت کے لیے آلودہ پانی کے استعمال پر تشو یش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے جس کے لئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ ٹیکنالوجی کو ملکی سطح پر عام کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر سہیل قادر چیمہ، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تین رکنی وفد اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (انجینئرنگ) ثاقب رضا سے ڈینز اینڈ ڈائریکٹرز کی موجودگی میں ملاقات کے دوران کیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد یونیورسٹی میں ایک جدید اور ماحول دوست ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ممکنہ قیام پر بات چیت کرنا تھا جو نہ صرف پانی کے ضیاع کو روکے گا بلکہ زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زراعت کے لیے آلودہ پانی کا استعمال صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ یونیورسٹی کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا قیام یونیورسٹی کے تحقیقاتی پروگرامز کو تقویت دے گا اور زرعی شعبے میں پانی کے مؤثر استعمال کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔




