ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کے جائز حقوق کے تحفظ اور زمینوں کے تنازعات کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقداما ت جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کی زیر صدارت پنجاب پرو ٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ کے تحت سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ، ڈی ایس پی آصف شیرازی، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران زمینوں کی ملکیت اور قبضہ سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور 12کیسز کی فردا فردا سماعت کی گئی۔سکروٹنی کمیٹی نے متعلقہ کیسز میں ریونیو ریکارڈ، دستیاب شواہد اور تحقیقات کی روشنی میں کیسز کا جائزہ لیا، جس کے بعد 10کیسز مزید کارروائی کیلئے ٹربیونل کو بھجوانے کی سفارش کی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ زمینوں کے تنازعات کے حل کیلئے حقائق اور دستیاب شواہد کی روشنی میں سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں۔ تمام متعلقہ محکمے زمین کی ملکیت، قبضہ اور دیگر ریونیو ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے ازالے اور جائز حقوق کے تحفظ کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں جبکہ مالکان کو ان کا جائز حق دلانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ تمام ثبوت و شواہد کی روشنی میں تحقیقات مکمل کرکے کیسز مزید کارروائی کیلئے ٹربیونل کو بھجوائے جا رہے ہیں۔




