ممبئی (سپورٹس نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سارو گنگولی اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گنگولی خاندان اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ کی جانب سے پولیس میں درج شکایت کے مطابق تازہ دھمکی آمیز خط بنگال کرکٹ کے صدر کے دفتر میں کھولا گیا۔ خط مکمل طور پر انگریزی میں تحریر تھا اور اس میں گنگولی اور ان کے خاندان کو ختم یا جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق گزشتہ 6 ماہ سے ایسے خطوط موصول ہورہے تھے، جنہیں ابتدا میں حد سے زیادہ پرجوش مداحوں کی جانب سے بھیجے گئے خطوط سمجھ کر نظر انداز کردیا گیا۔تاہم حالیہ خط میں استعمال کی گئی جارحانہ زبان اور مسلسل دھمکیوں کے باعث خاندان نے معاملہ پولیس تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔سارو گنگولی فیملی کی جانب سے ٹھاکر پکر پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ تحریری شکایت درج کروائی گئی ہے، جبکہ ریاستی حکومت کے سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو بھی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے نامعلوم افراد کی جانب سے گنگولی کے خلاف نازیبا اور قابل اعتراض ریمارکس پر مشتمل خطوط موصول ہورہے تھے۔




