ساہیوال (بیورو چیف) ناقص و غیر معیار ی اور نان رجسٹرڈ گیس سلنڈروں کی بھرمار کے باعث شہریوں پر خوف و ہراس کے سائے منڈلارہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس خطرناک معاملے پر دانستہ خاموشی اختیارکر رکھی ہے جو کسی بھی کسی بڑے حادثے سبب بن سکتی ہے۔دوسری جانب ایل پی جی کی ری فلنگ کرنیوالے دکانداروں نے غیرمعیاری گیس سلنڈرز کا ملبہ سلنڈرز تیارکرنے والی کمپنیوں پر ڈال دیا۔سلنڈر ز کی ری فلنگ کا غیرقانونی کاروبار پورے شہر میں پھیلا ہوا ہے ‘ ہر جگہ یہ کاروباری انتظامیہ کی ملی بھگت سے بڑے دھڑلے سے جاری ہے۔ سلنڈرز تیار کرنے والی کمپنیوں کا چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے غیر معیاری سلنڈر زکی خریدوفروخت کا دھندا دھڑلے سے جاری ہے جوکہ بعد میں حادثات کا سبب بن جاتے ہیں۔ ایل پی جی سلنڈر چلتے پھرتے بم ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات ایل پی جی کی ریفلنگ کے اس غیرقانونی دھندے کو روکنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔




