ساہیوال (بیورو چیف) شہر اور گردونواح میں ناقص ‘مضر صحت اور غیر معیاری گولی ٹافی ‘پاپڑی اور سلانٹی کی فروخت سرعام جاری۔ بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔ تفصیل کے مطابق ساہیوال اور گردونواح میں جگہ جگہ ناقص مضر صحت اور غیر معیاری گولی ٹافی ‘پاپڑی اور سلانٹی کی فروخت جاری ہے اور ان اشیاء کو کھانے سے بچے مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ زیادہ منافع کمانے کے چکر میں دوکاندار ان اشیاء کو سب اچھا کہہ کر فروخت کر رہے ہیں مگر انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔ چیکنگ کا نظام بہتر نہ ہونے کی وجہ سے دوکاندار غیر معیاری اور دو نمبر اشیاء کھلم کھلا فروخت کر رہے ہیں۔ محکمہ فوڈ اور دیگر ذمہ دار محکموں کے افسران نے حقائق کا علم ہونے کے باوجود آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ شہری عوامی ‘سماجی ‘فلاحی حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمسنر سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔




