فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب حکومت کے محکمہ خزانہ نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں ہیڈماسٹر، ہیڈمسٹریس، سینئر ہیڈماسٹر اور سینئر ہیڈمسٹریس کی مجموعی طور پر 1629 آسامیاں تخلیق کرنے سے اتفاق کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ پنجاب نے 4 نومبر 2026 کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق نئی تخلیق کردہ آسامیوں میں 654ہیڈماسٹرز، 748 ہیڈمسٹریسز، 177 سینئر ہیڈماسٹرز اور 50 سینئر ہیڈمسٹریسز کی آسامیاں شامل ہیں۔ یہ آسامیاں سابقہ 1629 منظور شدہ آسامیوں کے خاتمے کے بعد متبادل بنیادوں پر لمپ سم پے پیکج کے تحت تخلیق کی جائیں گی۔محکمہ خزانہ کے مطابق ان آسامیوں کے اخراجات متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اپنے دستیاب پنجاب فنانس کمیشن (PFC) شیئر سے برداشت کریں گی۔اس اقدام کا مقصد صوبے کے سرکاری سکولوں میں انتظامی سربراہی کے نظام کو مزید موثر بنانا اور ہیڈماسٹرز و ہیڈمسٹریسز کی آسامیوں کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔




