سرکاری ملازمین کی وفات پر معاوضہ پیکج میں تبدیلی

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی وفات پر معاونتی پیکیج میں تبدیلی کر دی۔ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے معاونتی پیکیج میں تبدیلی کا آفس میمورنڈم جاری کر دیا ۔پیکیج، عمومی وفات اور سیکیورٹی سے متعلقہ وفات، 2حصوں میں تقسیم ہے، سیکیورٹی سے متعلقہ وفات پر گریڈ کے مطا بق ایک سے دو کروڑ روپے تک لمپ سم گرانٹ مقرر ہے۔ شہید ملازم کے خاندان کو ریٹائرمنٹ کی عمر تک مکمل تنخواہ اور الانسز ملیں گے جب کہ شہدا کے بچوں کو گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، شہید کی بیوہ یا بچوں میں سے ایک کو بی ایس 1تا 15میں مستقل ملازمت دی جائے گی۔ سیکیورٹی سے متعلقہ وفات پر بمطابق گریڈ مکان کی خرید یا تعمیر کیلئے 1 کروڑ 35 لاکھ سے 5 کروڑ روپے تک ملیں گے اور عمومی وفات پر بمطابق گریڈ 6 سے 30 لاکھ روپے تک لمپ سم گرانٹ مقرر ہے جب کہ عمومی وفات پر ورثا کو 100 فیصد پنشن دی جائے گی۔ 10 سال سے کم سروس والے ملازم کے ورثا کو کم از کم 10 سال کی سروس کے حساب سے پنشن ملے گی۔ عمومی وفات پر سرکاری رہائش یا کرائے کے مکان کی سہولت ریٹائرمنٹ یا کم از کم 5 سال تک جاری رہے گی۔ آفس میمورنڈم میں تمام وزارتوں، محکموں کو ورثا تفصیلات اور جی پی فنڈ نامزدگی پہلے سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ورثا کو ایک ماہ میں تمام سہولیات فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر وزارت میں افسر بطور کونسل مقرر ہو گا۔ نیا پیکیج تمام مستقل وفاقی سرکاری ملازمین پر لاگو ہو گا اور نیا نوٹیفکیشن سابقہ شہداء پیکیجز کو سپر سیڈ کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں