سرگودہا (بیوروچیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “آسان کاروبار ویژن” کے تحت میونسپل کارپوریشن سرگودہا میں نقشہ جات، رجسٹریشن، پرمٹ اور لینڈ یوز کنورڑن کی درخواستو ں کے آن لائن نظام “ای بزـپنجاب پورٹل” کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام کمشنر سرگودہا ڈویڑن و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سرگودہا جہانزیب اعوان کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر سی ای او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد نے ای بزـپنجاب پورٹل پر آن لائن سسٹم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس نئے نظام کے تحت شہری اب تمام اقسام کے لائسنس، رجسٹریشن، این او سی، لینڈ یوز کنورڑن اور نقشہ منظوری سمیت دیگر درخواستیں ای بزـ پنجاب پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرسکیں گے۔کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ ای بزـ پنجاب پورٹل کے نفاذ سے کاروباری طبقے کو حقیقی سہولت حاصل ہوگی۔ شہریوں کو اب کسی دفتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ تمام کارروائی فیس جمع کرانا اور منظوری کا عمل آن لائن مکمل ہو گا۔دریں اثنا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کاروباری آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب حکومتِ پنجاب کا اہم قدم ای بیز پورٹل فعال کر دیا گیا ہے۔ اس آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے شہری ایک ہی درخواست کے تحت مختلف اقسام کے کاروبار آسانی سے رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراناصر کی نگرانی میں تحصیل کمالیہ میں ای بیز پورٹل کے لیے فرنٹ ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جہاں شہریوں کو رہنمائی اور رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ای بیز پورٹل کے تحت تعمیرات، تعلیم، خوراک، سیاحت، صنعت اور خدمات سے وابستہ درجنوں کاروباروں کی رجسٹریشن ممکن ہے۔




