سرگودھا (بیورو چیف)سرگودھا میں عوامی تحفظ اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج سے سیکیورٹی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ سرگودھا پریس کلب کے وفد نے صدر پریس کلب عبدالحنا ن چوہدری اورجنرل سیکرٹری شیخ محمدرضوان کی قیادت میں سیف سٹی پراجیکٹ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں جدید نگرانی اور مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ منصوبے کے تحت شہریوں کے تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید نظام باضابطہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ایس پی عامر مشتاق نے پریس کلب کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا 247 جدید کیمرے شہر کے مختلف علاقوں میں نصب کیے گئے ہیں جو دن رات نگرانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جب کہ 30 وائی فائی پوائنٹس شہریوں کو جدید مواصلاتی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ایمرجنسی کی صورتحال میں فوری ردِعمل یقینی بنانے کے لیے 10 پینک بٹنز مختلف حساس مقامات پر نصب کیے گئے ہیں، اور دو ماحولیاتی سینسرز فضائی آلودگی کی سطح پر مسلسل نظر رکھ رہے ہیں۔ٹریفک قوانین کی پاسداری کے لیے ای چالان سسٹم بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔




