سرگودھا میں تجاوزات کیخلاف روزانہ بلاامتیاز آپریشن

سرگودہا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر شہر اور نواحی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ ضلعی و تحصیل انتظامیہ نے شہر کی مرکزی شاہراہوں، اڈوں اور بازاروں سے تجاوزات ختم کرنے کے لیے مربوط پلان کے تحت کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں پیرا فورس اور تحصیل انتظامیہ کی ٹیموں نے چک نمبر46 اڈا اور پل 111کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے درجنوں غیر قانونی تعمیرات، پختہ دکانوں کے بڑھائے گئے حصے، تھڑے، شیڈ اور فٹ پاتھوں پر رکھی گئی عارضی تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ بھاری مشینری کی مدد سے راستوں میں رکاوٹ بننے والی دیواریں اور چبوترے ہٹا دیے گئے جبکہ موقع پر موجود تاجروں اور دکانداروں کو خبردار کیا گیا کہ آئندہ تجاوزات کرنے پر سامان ضبط کر لیا جائے گا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تحصیل انتظامیہ کے مطابق اس آپریشن کا مقصد شہریوں کو بہتر آمدورفت کی سہولت فراہم کرنا، ٹریفک روانی برقرار رکھنا اور شہر کو تجاوزات سے پاک بنانا ہے۔ قبل ازیں پیرا فورس کی جانب سے چھوٹی سبزی منڈی کے اطراف بھی تحصیل ایڈمنسٹریٹر کی نگرانی میں بھرپور آپریشن کیا گیا جس دوران درجنوں غیرقانونی سٹالز، چھپر، اور قبضے ختم کیے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں