سرگودہا (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر تحصیل کوٹمومن کے41 موضع جات میں سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کا درست تخمینہ لگانے کے لیے کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود، اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر، ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین، پی ڈی ایم اے اور اربن یونٹ کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانا ت کا درست اور شفاف تخمینہ لگانا ضروری ہے تاکہ متاثرین کی بحالی اور امدادی اقدامات موثر انداز میں کیے جا سکیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کل سے مشترکہ ٹیموں پر مشتمل سروے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے ایک جدید ایپلیکیشن تیار کی ہے جس کے ذریعے گھروں، لائیو اسٹاک ، اموات اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے تین سیکٹرز بنا کر ابتدائی طور پر 60 فیصد سروے مکمل کر لیا ہے جبکہ حتمی سروے کے لیے 25 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر ٹیم دو مواضعات میں سروے مکمل کرے گی۔ حکومت نے سروے کی تکمیل کے لیے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے، تاہم ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے 10 اکتوبر تک کام مکمل کرنے کا ہدف دیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ سیلاب کے دوران ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ٹیم نے ریسکیو و ریلیف میں بہترین کارکردگی دکھائی اور متاثرین روزانہ تین وقت کے کھانے، راشن اور جانوروں کے لیے چارہ و دیگر سہولیات کی فراہمی پر مطمئن نظر آئے۔




