سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈویژنل و ضلعی سطح کے انتظامی اور ترقیاتی امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی ،ڈائریکٹر ہیلتھ، ڈائریکٹر زراعت ، ڈپٹی ڈا ئر یکٹر فو ڈ ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب آب پاک اتھارٹی، ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ، سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے علیحدہ علیحدہ بریفنگ دیتے ہوئے انتظامی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں الیکڑک بسسز کے انتظامات، گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام، شہر کی خوبصورتی و بیوٹیفکیشن منصوبے، گندم کی بوائی کا ہدف، صفائی ستھرائی، پبلک ہیلتھ اور فوڈ مینجمنٹ کے امور کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں عوامی فلاح سے متعلق منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور کسانوں کو بوائی میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔




