سرگودہا(بیورو چیف) سرگودہا ڈویژن میں گندم کی بوائی بھرپور انداز میں جاری ہے اور اب تک مقرر کردہ ہدف کا 57 فیصد حاصل کیا جا چکا ہے۔اس امرکا انکشاف کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈویژنل گندم کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں چارو ں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر زراعت، پرنسپل ایگری کلچرل کالج، محکمہ انہار کے افسران متعلقہ محکموں اور کاشتکاروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ گندم قومی فوڈ سکیورٹی کے لیے بنیادی فصل ہے، اس لیے کسانوں کی رہنمائی اور معاونت میں کوئی کمی نہ رکھی جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور نمبرداران کے ذریعے سرکاری رقبوں پر زیادہ سے زیادہ گندم کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے زرعی اقدامات کے تحت بھرتی ہونے والے انٹرنیز نے بھی خصوصی شرکت کی اور اپنا فیڈ بیک پیش کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جامعہ سرگودہا کے زیر اہتمام بین الاقوامی گندم کانفرنس 16 اور 17 دسمبر کو منعقد ہوگی۔ ڈائریکٹر زراعت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 35 سو روپے گندم کی امدادی قیمت مقرر ہونے سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور کاشتکار بھرپور جذبے کے ساتھ بوائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں اس سال 62 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ تصدیق شدہ بیج 55 روپے فی بیگ کے حساب سے دستیاب ہے جبکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے پاس بھی بیج کی وافر مقدار موجود ہے۔




