سرگودھا (بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا فالو اپ اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ اجلاس کے احکامات پر عملدرآمد اور تعلیمی بہتری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جاری ہدایات کے مطابق ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولو ں کا جامع سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ سروے کے دوران تعلیمی اداروں میں موجود بنیادی مسائل اور ضروریات کی نشاندہی کی گئی ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی بھی تیار کر لی گئی ہے۔ اس حوالے سے مکمل رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ مزید بتایا گیا کہ سرکاری سکولوں میں قائم کمپیوٹر لیبز کو فعال بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے گئے ہیں اور اس ضمن میں پیشرفت رپورٹ کے ساتھ تصویری شواہد بھی پیش کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے پانچ بڑے سرکاری سکولوں کو ترجیحی بنیادوں پر سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ دیگر سکولوں کی سولرائزیشن کے لیے ایک جامع سکیم تیار کر کے حکومت پنجاب کو بھجوائی جائے گی تاکہ اسے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے نجی تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پرائیویٹ سکول رجسٹریشن پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر نجی سکول کم از کم 10 فیصد مستحق طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا پابند ہے اور کوئی بھی سکول مقررہ ٹیوشن فیس سے زائد وصول نہیں کر سکتا۔ مزید برآں سالانہ فیسوں میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ بھی ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا۔




