لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی 2 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 14 رکنی ابتدائی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا۔ بابر اعظم ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ محمد طحہ، سمیر منہاس اور محمد سلیمان کو پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اسکواڈ میں عبداللہ فضل، علی عثمان، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد غازی غوری، محمد سلیمان، محمد طحہ، رضوان اللہ، سعد بیگ، سلمان علی آغا، سمیر منہاس اور سعود شکیل شامل ہیں۔ وارم اپ میچ کے بعد پی سی بی پیٹرنز سکواڈ سے 2 فاسٹ بولرز کو ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔26 سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹر محمد طحہ نے پریزیڈنٹس ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 7 میچز کے دوران 730 رنز بنائے جن میں3 سنچریاں اور 225 رنز کی بہترین اننگز شامل ہے۔ محمد سلیمان 652 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے نمایاں بیٹرز میں شامل ہیں جبکہ سمیر منہاس نے اپنے پہلے فرسٹ کلاس سیزن میں 7 میچز کے دوران 405 رنز سکور کیے۔سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں3 روزہ وارم اپ میچ کھیلا جائے گا۔ سعد بیگ پی سی بی پیٹرنز الیون کی قیادت کریں گے جس میں ٹیسٹ سکواڈ کے 6 کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ اس ٹیم میں 5 فاسٹ بولرز کو جگہ دی گئی ہے۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔




