ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں 71 کلوگرام منشیات وصول کرتے ہوئے 6 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے سکیورٹی ترجمان طلال الشلہو ب کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (جی ڈی این سی) نے زکو، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی کے تعاون سے ریاض ریجن میں مقیم 6پاکستانی باشندوں کو گرفتار کیا، ملزمان کو 71کلو گرام میتھایمفیٹامین وصول کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ایک اور کارروائی کے بارے میں طلال الشلہوب نے بتایا کہ جی ڈی این سی کی جانب سے عمانی حکام کے ساتھ شیئر کی گئی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اسمگلنگ کی دو کوششیں ناکام بنا دی گئیں جن کے دوران 200کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئیں۔ سکیورٹی ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب منشیات کے ذریعے ملکی سلامتی اور نوجوانوں کو نشانہ بنانے والی مجرمانہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے گا۔




