لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے این ڈی یو سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں انہیں گڈ گورننس اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے وفد کو صوبائی انتظامی امور سے آگاہ کیا، جبکہ ورکشاپ کے شرکا نے پنجاب میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کا سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سفارش اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور ایسا نظام بنائیں گے جہاں جائز کام کے لیے سفارش نہ کرانی پڑے۔وزیراعلی نے کہا کہ خواتین کو نمائشی حیثیت کے بجائے ترقی کے یکساں مواقع دینے ہوں گے، جبکہ روزگار کے ساتھ معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ملاقات کے اختتام پر ورکشاپ کے شرکا نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔




