جنوبی ایشیا میں پائیدار امن’ معاشی ترقی اور عوامی خوش حالی کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان بامقصد مذاکرات کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، دونوں ممالک ایک ہی خطے میں واقع ہیں اور ان کے عوام کو غربت’ بے روزگاری’ مہنگائی’ ماحولیاتی تبدیلیوں اور دیگر سماجی ومعاشی مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں کشیدگی کے بجائے مکالمے’ افہام وتفہیم اور سفارتی روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا یہ موقف کہ مذاکرات بھارتی طرز عمل سے مشروط ہیں، اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ بامقصد بات چیت کے لیے سازگار ماحول اور باہمی اعتماد سازی اہمیت رکھتے ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن’ استحکام اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیا ہے، مذاکرات کسی بھی اختلاف کو دور کرنے کا مؤثر اور مہذب ذریعہ ہیں، تاہم ان کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ فریق سنجیدگی’ ذمہ داری اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کریں، محض مذاکرات کی خواہش کافی نہیں بلکہ اس مقصد کے لیے عملی اقدامات’ اعتماد سازی اور ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے کی کوشش بھی ناگزیر ہے۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی تاریخ مختلف نشیب وفراز سے عبارت ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاملات ایسے ہیں جن کے حل کے لیے مسلسل سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔ مسئلہ کشمیر ان اہم معاملات میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے، جس کے پرامن حل کو خطے میں دیرپا استحکام کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سرحدی امن’ تجارت’ عوامی رابطوں’ آبی معاملات اور علاقائی تعاون جیسے امور بھی دونوں ممالک کی توجہ کے متقاضی ہیں، ان معاملات پر سنجیدہ مکالمہ نہ صرف غلط فہمیوں کو کم کر سکتا ہے بلکہ مستقبل میں تعاون کے نئے راستے بھی کھول سکتا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی پاکستان مکمل طور پر حمایت کرتا ہے خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے انہوں نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اس معاہدے میں کسی یک طرفہ تبدیلی کو قبول نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق معاہدے میں تنازعات کے حل کے لیے باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے اور متعلقہ عالمی ثالثی ادارے نے بھی معاہدے کی حیثیت برقرار رہنے سے متعلق فیصلہ دیا ہے۔ پاکستان اپنے آبی حقوق سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔ پانی کو سیاسی دبائو کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں اور معاہدے کی پاسداری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ بلاشبہ جنوبی ایشیا کا روشن مستقبل تصادم کے بجائے تعاون’ بداعتمادی کے بجائے مکالمے اور کشیدگی کے بجائے پائیدار امن سے وابستہ ہے۔ اگر دونوں ممالک دانش مندی اور دوراندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اختلافات کے حل کی جانب پیش قدمی کریں تو خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔ امن کی جانب ہر سنجیدہ قدم نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے بھی ایک مثبت سرمایہ ثابت ہو گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت اپنے تعلقات کے حوالے سے حقیقت پسندانہ حکمت عملی اختیار کریں۔ مذاکرات کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا’ باہمی اعتماد کو فروغ دینا اور دیرینہ معاملات کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ پاکستان کا موقف بھی اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے کہ بامقصد مذاکرات کے لیے عملی سنجیدگی اور ذمہ دارانہ رویہ ضروری ہے سفارت کاری کے دروازے کھلے رکھنے کے ساتھ ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے لیے مناسب ماحول بھی اہمیت رکھتا ہے۔ لہٰذا بھارت کو بھی مذاکرات کے معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہے کیونکہ جنگیں کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے پائیدار امن ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے۔




