ساہیوال ( بیورو چیف)ساہیوال شہر میں انسانی جانوں سے کھیلنے والا مافیا سر عام دندنا رہا ہے، مگر قانون کے رکھوالے بنے محکمے کی چشم پوشی نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف حساس اور گنجان آباد علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی ری کلنگ اور منی پٹرول پمپس کا غیر قانونی کاروبار عروج پر ہے۔ یہ سارا غیر قانونی کھیل خودسول ڈیفنس کے دفتر سے محض چند قدم کے فاصلے پرجاری ہے۔ لیکن اس کے باوجود متعلقہ افسران کی زبانوں پر تالے اور آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی ہیں۔ شہر میں اس سے قبل بھی حفاظتی اقدامات نہ ہونے سے غیر قانونی ری فلنگ کے دوران متعدد ہولناک حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئی تھیں مگر اس کے باوجود مافیا کے خلاف کوئی سخت ایکشن نہیں لیا گیا۔ عوامی حلقوں کی طرف سے ایک ہی سوال بار بار پوچھا جا رہا ہے: کیا انتظامیہ اور سول ڈیفنس حکام کسی اوربڑے جانی نقصان یا سانحے کے انتظار میں ہیں۔ شہریوں اور سماجی رہنماؤں نے نگران اعلیٰ حکام ،کمشنر ساہیوال اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنسنی خیز صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لیں سول ڈیفنس کے دفتر کے قدموں میں پلنے والے اس موت کے بیو پاری مافیا اور اس کے پشت پناہ کرپٹ افسران کے خلاف فوری، بلا امتیاز اور آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے۔




