سنگین جرائم کے مقدمات میں فوری اور نتیجہ خیز کارروائی یقینی بنائیں

کراچی(بیورو چیف)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے خلاف جاری اقدامات سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ بھر کے اعلی پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز ٹریننگ اور اسپیشل برانچ، ڈی آئی جیز سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول، ہیڈکوارٹرز، سی آئی اے، فائنانس، اے آئی جیز اور زونل ڈی آئی جیز نے بالمشافہ جبکہ ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اے آئی جی آپریشنز نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے قتل، بھتہ خوری، اغوا، کاروکاری، جنسی زیادتی اور دیگر سنگین جرائم کے حوالے سے پولیس کارکردگی سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ صوبے بھر میں ماڈل پولیس اسٹیشنز کے قیام اور ان کی پیش رفت پر بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام ضلعی پولیس افسران قتل، بھتہ خوری، اغوا، جنسی زیادتی اور کاروکاری جیسے سنگین جرائم کے مقدمات میں فوری، موثر اور نتیجہ خیز کارروائی یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں