اسلام آباد (بیوروچیف) سپریم کورٹ نے ایلیمنٹری سکول ٹیچرز کی پروموشن سے متعلق اہم فیصلہ سنادیا۔سپریم کورٹ نے ایلیمنٹری سکول ٹیچرز کی پروموشن سے متعلق پنجاب سروس ٹربیو نل اور محکمہ تعلیم کا 24مئی 2023کا حکم کالعدم قرار دے دیا،عدالت نے درخواست گزار کو ترقی کی تمام گزشتہ مراعات دینے کا حکم دیدیا۔فیصلے کے مطابق ایلیمینٹری اسکول ٹیچرز کو سینارٹی اور اہلیت کی بنیاد پر50فیصد ترقی کا حق حاصل ہے، حکومت کو ایک بہترین اور مثالی کردار ادا کرنا چاہیے،ملازمین کی ترقی اورسنیارٹی میں ابہام پیدا کرنا گڈ گورننس کے منافی ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ترقیاں واپس لینا گڈ گورننس کے منافی ہے،قوانین و قواعد میں پائے جانے والے ابہام کا نقصان ملازم کو نہیں پہنچایا جا سکتا۔درخواست گزار محمد شفیق ایلیمنٹری سکول ٹیچر کو بی ایس 16میں ترقی دی گئی تھی لیکن محکمہ تعلیم پنجاب نے 24مئی 2023کو ترقی کا آرڈر واپس لے لیا تھا،محکمہ تعلیم نے 2014 کے سروس رولز کے ایک نوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ترقی کے احکامات واپس لیے تھیاس کے بعد پنجاب سروس ٹربیونل نے بھی محکمہ تعلیم کے اقدام کو برقرار رکھا تھا۔




