وفاقی محتسب کے پاس شکایات درج کرانے کیلئے پاس ورڈ کا اجرائ

لاہور (بیوروچیف) وفاقی محتسب نوید کرم بلوچ نے لاہور کے وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر میں منعقدہ ماہانہ جائزہ اجلاس کے دوران شکایا ت درج کرانے کے لیے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) متعارف کرانے کے نظام کا افتتاح کیا،اس نظام کا مقصد جعلی شکایات کی حوصلہ شکنی کرنا اور آن لائن شکایات درج کرانے میں ذاتی ریکارڈ کی رازداری اور تقدس کو برقرار رکھنا ہے۔نیا نظام نہ صرف کارکردگی اور شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ شکایت کنندگان کی رازداری اور ان کے ڈیٹا کے تحفظ میں بھی موثر ثابت ہوگا، جس سے مقدمات میں بے ضابطگیوں اور بدانتظامی کے امکانات ختم ہوں گے، OTP نظام بدنیتی اور ذاتی رنجش کی بنیاد پر جعلی شکایات درج کرانے کی حوصلہ شکنی کے لیے ایک مضبوط چیک کے طور پر کام کرے گا۔جائزہ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ جنوری تا ستمبر 2026کے دوران موصول ہونے والے مقدمات کی تعداد 216,719رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران یہ تعداد 192,755تھی۔، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے،سال 2026 میں 30 ستمبر تک نمٹائے جانے والے مقدمات کی مجموعی تعداد 202,415 رہی۔آن لائن درج کی جانے والی شکایات کل رجسٹرڈ شکایات کا 54 فیصد تھیں، جو اس رجحان کی نشاندہی کرتی ہیں کہ عام عوام انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT)سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔جنوری تا ستمبر 2026 کے دوران نمٹائے گئے مقدمات کی شرح 83.7 فیصد رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریبا 4 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں