سرگودہا (بیوروچیف)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول کا دورہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومز، کمپیوٹر لیب، فزیوتھرا پی روم، اور بچوں کی ٹرانسپورٹ سہولت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی کتابیں، کھیلوں کا سامان اور دیگر تعلیمی وسائل بھی چیک کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سپیشل بچوں کو زیادہ توجہ اور محبت کی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا اساتذہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے طلبہ سے بات چیت کی اور ان کی تعلیم اور سہولیات سے متعلق رائے بھی لی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کی خصوصی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ سپیشل ایجوکیشن سکولز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ یہ بچے بھی اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں اور ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔




