ممبئی (شوبز نیوز) جنوبی بھارتی سپر اسٹار سمانتھا رتھ پربھو نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی سچائی اور کھل کر بولنے ے انداز نے ان کی ذاتی زندگی کو غیر ارادی طور پر موضوعِ بحث بنا دیا۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمانتھا نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی زندگی کے بارے میں حقیقت پسند رہنے کی کوشش کرتی ہیں، اور یہی رویہ ان کے ازدواجی تعلقات اور بیماری کو عوامی بحث کا موضوع بنا گیا جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سمانتھا نے بتایا کہ اپنی بیماری مایوسائٹس (پٹھوں کی ایک سوزش، جو کمزوری اور درد کا باعث بنتی ہے)کے بارے میں انہوں نے خود میڈیا پر بتایا کیونکہ وہ اپنی جدوجہد کو حقیقت کے ساتھ پیش کرنا چاہتی تھیں۔ تاہم ناگا چیتنیہ سے شادی کے چار سال بعد ہونے والی علیحدگی غیر متوقع طور پر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ان کے مطابق میری زندگی میں جو کچھ ہوا، وہ سب عوام کے سامنے آیا علیحدگی، بیماری، سب کچھ۔ اس کے باعث بہت زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ذہنی صحت بھی متاثر ہوئی۔ساتھ کی سپر اسٹار نے مزید کہا کہ وہ اپنی خامیوں کے باوجود بہتر انسان بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔ سمانتھا نے اپنے کیرئیر کی ابتدائی مشکلات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے۔




