سرگودہا (بیورو چیف)تحصیل کوٹ مومن کے سیلاب متاثرہ 41 دیہات میں نقصانات کے درست تخمینے اور متاثرہ خاندانوں کی بروقت معاونت کے لیے تشکیل دی گئی جوائنٹ سروے ٹیموں (JSTs) کا جامع تربیتی سیشن سیال موڑ کے نجی ہال میں منعقد ہوا۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور شرکاء کو اہم ہدایات دیں۔کمشنر جہانزیب اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ نقصانات کے سروے کے عمل میں شفافیت اور درستگی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے تاکہ کوئی مستحق خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیمیج اسسمنٹ ٹیمیں گھر گھر جا کر معائنہ کریں، زمینی حقائق کو مدنظر رکھیں اور ہر نقصان کا ریکارڈ فوٹوگرافک و دستاویزی ثبوت کے ساتھ مرتب کریں۔ بروقت اور درست ڈیٹا ہی متاثرین کی فوری امداد کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ حکومت نے اس مقصد کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل ایپلیکیشن تیار کی ہے جس کے ذریعے گھروں، لائیو اسٹاک، انسانی جانوں کے ضیاع اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ڈیٹا فوری اپ لوڈ کیا جائے گا۔ کمشنر نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی شفافیت کو یقینی بنائے گی اور اس سے نہ صرف سروے کے عمل میں تیزی آئے گی بلکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت بھی بروقت مل سکے گی۔ کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پاک آرمی اور دیگر ادارے ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ یہ ایک قومی فریضہ ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔




