شدیدگرمی کے باوجود انسداد پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری ہے،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انسداد پولیو مہم شروع، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری حارث امجد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف باجوہ، اور ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف ندیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس مہم کے دوران ضلع بھر میں 4 لاکھ 33 ہزار 838 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 1916 موبائل ٹیمیں، 106 فکسڈ ٹیمیں، اور 49 ٹرانزٹ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ یہ ٹیمیں بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز، اور دیگر عوامی مقامات پر تعینات کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے اس بات پر زور دیا کہ شدید گرمی کے باوجود انسداد پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران دوہری مانیٹرنگ کا نظام نافذ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہ کیا جائے۔محمد نعیم سندھو نے والدین سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے ضرور پلائیں، کیونکہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانا والدین کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی بھی غیر سنجیدگی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں