حیدر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی شہر حیدرآباد میں بیوی پر شک کے باعث ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے بچوں کے سامنے اپنی اہلیہ کو زندہ جلا دیا۔ واقعے میں خاتون موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی ،اس کی کمسن بیٹی زخمی ہو گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وینکٹیش نامی شخص نے اپنی بیوی تروینی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ میاں بیوی نے پسند کی شادی کی تھی اور ان کے دو بچے تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق شوہر کو اپنی بیوی پر شک تھا، جس کے باعث دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تروینی شوہر کے رویے سے تنگ آکر کچھ عرصہ والدین کے گھر چلی گئی تھی، تاہم وینکٹیش اسے منا کر واپس گھر لے آیا۔ چند دن بعد دونوں کے درمیان دوبارہ جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کر گیا اور شوہر نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے بیوی کو آگ لگا دی۔واقعہ کے دوران بیٹی نے اپنی ماں کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے بھی آگ کی لپیٹ میں دھکیل دیا۔




