شہدائے کار ساز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں

جڑانوالہ(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی سٹی جڑانوالہ کے صدر ثمر عباس غازی نے18اکتوبر یومِ شہدائے کارساز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدائے کارساز کی قربانیاں پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہیں۔ یہ دن ہمیں ان عظیم کارکنوں اور جیالوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جمہوریت، عوامی حقوق اور اپنی قیادت سے وابستگی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر کراچی میں پیش آنے والے المناک سانح کارساز میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے۔ یہ سانحہ پاکستان کی تاریخ کا ایک دردناک واقعہ ہے، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ثمر عباس غازی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے والے تمام شہدا کی جدوجہد ہمیں آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار، سیاسی برداشت اور عوامی خدمت کا درس دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد اور عوام کے ساتھ وابستگی کی تاریخ ہے۔ شہدائے کارساز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم جمہوریت کے استحکام، قومی یکجہتی، امن اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔آخر میں انہوں نے شہدائے کارساز سمیت جمہوریت کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے تمام شہدا کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں