اسلام آباد(سپورٹس نیوز) پاکستان میں کھیلوں، خصوصا فٹ بال کے فروغ کے ایک نئے باب کے آغاز کے طور پر ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی)کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر، بحرین کے شاہی خاندان کے معزز رکن جناب شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ، 4 تا 7 نومبر 2025 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایت پر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو اس دورے کے دوران اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ان کے ہمراہ اے ایف سی کے اعلی عہدیداران اور دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔دورے کے دوران شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی ملاقاتیں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان اور دیگر اعلی سول و عسکری قیادت سے متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں فٹ بال کے شعبے میں انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع میں فروغ و توسیع، اور پاکستان میں اسپورٹس ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔




