فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق کی ہدایات پر محکمہ سول ڈیفنس فیصل آباد کی انفورسمنٹ ٹیم نے سول ڈیفنس آفیسرجاوید اختر کھچی کی زیرِ نگرانی ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ اور بغیر فارم کے چلنے والے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کیں۔کارروائی کے دوران غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ میں ملوث 9مقامات سے ریفلنگ کا سامان ضبط کیا گیا۔مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ، پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کے ہمراہ چک نمبر 283گ ب، جڑانوالہ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چوہدری فلنگ اسٹیشن کے 2 پٹرول ڈسپنسرز ضبط کر لئے گئے۔ مالک کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت تھانہ منڈی روڈالہ جڑانوالہ میں مقدمہ درج کروایا گیا۔سول ڈیفنس انفورسمنٹ ٹیم نے ملک پور، قبرستان موڑ جڑانوالہ روڈ، نشاط آباد پل، شیخوپورہ روڈ، جمیل آباد، 125 گ ب جڑانوالہ، 240 موڑ جڑانوالہ اور 283 گ ب جڑانوالہ سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔محکمہ سول ڈیفنس فیصل آباد کی جانب سے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ اور غیر قانونی پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔




