چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن وقاص احمد گل کے ہمراہ جھمرہ روڈ پر مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے اچانک دورے کیے اور سکولوں میں جاری تعلیمی سیشن، طلبا و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول طالب والا، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک نمبر 125ج ب اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول چک نمبر 125ج ب تحصیل چنیوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبا و طالبات سے ان کی تعلیمی سرگرمیوں، پڑھائی اور سکول میں دستیاب سہولیات کے حوالے سے براہِ راست دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی، واش رومز کی صفائی، کلاس رومز میں روشنی اور ہوا کے مناسب انتظامات، طلبا کے بیٹھنے کی سہولیات، صفائی ستھرائی اور کمپیوٹر لیبز کی فعالیت سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکول ہیڈز کو ہدایت کی کہ سکول اوقات میں صفائی کے بہترین انتظامات، صاف پانی کی فراہمی اور واش رومز کی صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ کلاس رومز میں مناسب روشنی اور ہوا کے انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں جاری تعمیراتی کاموں کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں والے مقامات کو مناسب طریقے سے کارڈن آف کیا جائے تاکہ طلبا و طالبات کو کسی قسم کا نقصان یا حادثہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے سکول عمارتوں کی ضروری مرمت و وائٹ واش سمیت دیگر بنیادی امور بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے سرپرائز وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔




