طلبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان سیا سی رہنما چوہدری میمون حسین نے جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں طلبہ کو درپیش تعلیمی،انتظامی، مالی اور بنیادی مسا ئل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ طلبہ کی آواز سنی جائے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں ۔ چوہدری میمون حسین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت، مساوات، سماجی انصاف اور نوجوانوں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے۔ نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور ان کے لیے معیاری تعلیم، محفوظ ماحول اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ریاستی اور ادارہ جاتی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں فیسوں میں مبینہ طور پر 200 فیصد اضافے، ہاسٹلز اور کیفیز کی خستہ حالی، کلاس رومز اور آڈیٹوریم کی سہولیات کی کمی جیسے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ طلبہ پر مالی بوجھ بڑھانے کے فیصلوں کا شفاف جائزہ لیا جائے اور تعلیمی سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔چوہدری میمون حسین نے طالبات کو ہراساں کیے جانے سے متعلق شکایات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات، مردانہ و زنانہ ہاسٹلز میں منشیات کی مبینہ سرگرمیوں کی روک تھام اور کیمپس میں موثر سکیورٹی نظام کے قیام کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کی عزت، تحفظ اور رازداری یقینی بنانا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور کسی بھی شکایت پر قانون اور قواعد کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے تعلیمی سمسٹر کے دورانیے میں کمی، غیر ضروری تعطیلات، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیقی مواقع کی کمی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک زرعی یونیورسٹی کا اصل تشخص تحقیق، جدت اور معیاری تعلیم سے وابستہ ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں