عالمی سائبر نیٹ ورک کے دو اہم کارندے گرفتار

اسلام آباد(بیورو چیف)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)، انٹرپول اور سنگاپور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پاکستان اور سنگاپور سمیت متعدد ممالک کو نشانہ بنانیوالے بین الاقوامی سائبر گینگ کو بے نقاب کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران اسلام آباد سے عالمی سائبر نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتا ر کیا گیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے اہم ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کیے گئے۔این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزما ن فشنگ سافٹ ویئر اور جدید سائبر ٹولز عالمی مجرم گروہوں کو فراہم کرتے تھے۔ مذکورہ سائبر گینگ جعلی شناختوں اور خفیہ مواصلاتی نظام کے ذریعے مختلف ممالک میں کارروائیاں کرتا رہا۔تحقیقات کے مطابق ملزمان سنگاپور پولیس افسران کا روپ دھار کر شہریوں کو دھوکا دیتے اور مالی و ڈیجیٹل فراڈ میں ملوث تھے۔یہ کامیا ب انٹیلی جنس آپریشن ڈی جی این سی سی آئی اے سید خرم علی شاہ کی قیادت میں کیا گیا، جبکہ ڈائریکٹر پنجاب محمد علی وسیم کی نگرانی میں کارروائیاں کی گئیں۔ چھاپوں کے دوران اہم ڈیجیٹل مواد قبضے میں لے لیا گیا۔سنگاپور پولیس نے این سی سی آئی اے کے بروقت تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو سراہتے ہوئے مشترکہ کارروائی کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں