عبداللہ پور چوک سے گٹ والا کینال روڈ کی ری ماڈلنگ ناگزیر ہے ‘کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کو محفوظ، آسان اور بلا رکاوٹ سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے عبداللہ پور چوک سے گٹ والا تک کینال روڈ کی ری ماڈلنگ ناگزیر ہے اس سلسلے میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی(ایف ڈی اے) کی جانب سے کی گئی جامع ورکنگ اور وضع کردہ منصوبے پر مربوط انداز میں غور و خوض کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبا ئوکو کم کرنے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ انہوں نے یہ بات کینال روڈ ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اجلاس کو کینال روڈ کی ٹریفک مینجمنٹ اور ری ماڈلنگ کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی،اسسٹنٹ کمشنر جنرل عطیہ عنایت اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کینال روڈ پر ٹریفک کے بہائو کو بہتر، محفوظ اور جدید بنانے کے لئے ایف ڈی اے کے انجینئرز نے جامع تکنیکی و ٹریفک انجینئرنگ اسٹڈی کے بعد منصوبہ سازی کی ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت کینال روڈ پر دو نئے برجز، دونوں اطراف دو اضافی یو ٹرنز،10 غیر ضروری ریمپس کے خاتمے جبکہ ٹریفک انجینئرنگ کے اصولوں کے تحت کینال روڈ اور سروس روڈ کو باہم ملانے کے لئے چار نئے ریمپس تعمیر کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اقدامات کی بدولت کینال روڈ پر ٹریفک کے بہا میں نمایاں بہتری آئے گی، مصروف ترین اوقات میں ٹریفک کے دبا ئومیں کمی ہوگی اور حادثات کے امکانات کو کم کرکے روڈ سیفٹی کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ مجوزہ منصوبے کے ذریعے سمندری روڈ کو کینال ایکسپریس وے سے موثر انداز میں منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ اندرون شہر شہریوں کو آسان، محفوظ اور تیز رفتار سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ کینال روڈ شہر کا ایک اہم ٹریفک کوریڈور ہے اور اس پر بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دبا ئوکے پیش نظر مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو حتمی شکل دیتے وقت ٹریفک کے موجودہ مسائل کے ساتھ ساتھ آئندہ برسوں میں ٹریفک کے ممکنہ اضافے کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کینال روڈ ٹریفک مینجمنٹ منصوبے کے تمام پہلوں کا تکنیکی، مالی اور انتظامی اعتبار سے جائزہ لیا جائے اور متعلقہ اداروں کی تجاویز کو شامل کرکے قابلِ عمل اور جامع پلان مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے قیمتی وقت کا تحفظ، ٹریفک کی روانی اور روڈ سیفٹی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی مشاورت اور مربوط حکمت عملی کے تحت اس منصوبے کو آگے بڑھائیں تاکہ وسائل کا بہترین استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو دیرپا ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کے لئے سہولیات میں اضافہ اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے اس لئے کینال روڈ ٹریفک مینجمنٹ منصوبے میں محفوظ سفر، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولت کو بنیادی ترجیحات بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت اور تکنیکی سفارشات کی روشنی میں حتمی شکل دے کر عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے کہا کہ ایف ڈی اے نے کینال روڈ کے ٹریفک مسائل کے مستقل اور موثر حل کے لئے جامع تکنیکی ورکنگ مکمل کی ہے اور مجوزہ ری ماڈلنگ پلان کا مقصد ٹریفک کے بہا کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور شہریوں کو محفوظ و آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں