ممبئی (شوبز نیوز) بھارتی کامیڈین اور اداکار علی اصغر نے کئی سال بعد انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے دی کپل شرما شو سے علیحدگی کیوں اختیار کی تھی۔شو میں دادی کے کردار سے غیر معمولی شہرت حاصل کرنے والے اداکار کے مطابق، مسلسل خواتین کے کردار ادا کرتے رہنا ان کے لیے اکتاہٹ کا باعث بن گیا تھا اور وہ اپنی صلاحیتوں کو نئے انداز میں آزمانا چاہتے تھے۔منیش پال کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں علی اصغر نے بتایا کہ بہت سے لوگ حیران ہوتے ہیں کہ انہوں نے اتنا مقبول پروگرام کیوں چھوڑ دیا۔ ان کے مطابق، کامیڈی سرکس سمیت مختلف پروگراموں اور منصوبوں میں انہیں بار بار خواتین کے کردار دیے جاتے تھے۔ کبھی انہیں ہسپتال کی نرس بننا پڑتا، کبھی ساس اور کبھی سبزی فروش کا کردار ادا کرنا پڑتا تھا۔ ہفتے کے اختتام پر بھی اسی نوعیت کے کردار دہرانے سے وہ اکتا گئے تھے۔




