عوام کو تفریحی سہولتیں فراہم کرنا ذمہ داری ہے

کمالیہ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے وائلڈ لائف پارک رجانہ کا دورہ کیا اور پارک کی زبوں حالی، بنیادی سہولیات کے فقدان اور عملے کی کمی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پارک کے عملے سے استفسار کیا کہ 14ایکڑ پر محیط وسیع و عریض پارک کو صرف دو اہلکار کس طرح مناسب انداز میں سنبھال سکتے ہیں؟ڈپٹی کمشنر نے پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ۔اور وہاں صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، پینے کے صاف پانی، واش رومز، بیٹھنے کے لیے بینچز اور دیگر بنیادی سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شہریوں نے انہیں پارک کو درپیش مسائل اور فیملیز کو سیر و تفریح کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔واضح رہے کہ سمندری روڈ پر واقع وائلڈ لائف پارک رجانہ، رجانہ اور گردونواح کے درجنوں دیہات کے شہریوں، بالخصوص فیملیز، کے لیے اہم تفریحی مقام ہے ، تاہم بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث پارک کی حالت ابتر ہو چکی ہے ۔ شہریوں کے مطابق موجودہ بینچز خستہ حال ہیں جبکہ پینے کے صاف پانی، واش رومز اور سیکیورٹی سمیت دیگر سہولیات بھی ناکافی ہیں۔اس موقع پر رجانہ پریس کلب کے ممبران نے ڈپٹی کمشنر کی توجہ آر ایچ سی رجانہ اور نہر کنارے واقع واٹر سپلائی فیملی پارک کی جانب بھی مبذول کروائی۔ انہیں بتایا گیا کہ سابق ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کے دور میں واٹر سپلائی پارک میں ابتدائی ترقیاتی کام شروع کیا گیا تھا، تاہم ان کے تبادلے کے بعد منصوبہ مزید آگے نہ بڑھ سکا۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے واٹر سپلائی فیملی پارک کا بھی دورہ کیا اور موقع پر موجود صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں