فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عالمی اکیڈمک سٹڈیز کانگریس کے شرکاء نے کہا ہے کہ تمام ممالک کرہ ارض کو ماحولیاتی تنزلی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ عوام کو بااختیار بنانے اور دیرپا امن کیلئے مربوط کاوشیں عمل میں لائیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد اور اکیڈمک سٹڈیز گروپ ترکیہ کے زیراہتمام کانگریس بعنوان ”مصنوعی ذہانت کے دور میں سیارہ، لوگ، اور امن” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ دنیا موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع کا نقصان، وسائل کی کمی اور ماحولیاتی تنزلی سمیت چیلنجز کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی دورحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے بہترین طریقہ کار مہیا کرتی ہے جس کو استعمال میں لا کر ہم مستقبل میں درپیش آنے والے مسائل سے آگاہ ہوتے ہوئے بہترین حکمت عملی تیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مصنوعی ذہانت اور دیگر رحجانات سے روشناس کروانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔




