لاہور (شوبز نیوز) اداکارہ اور ماڈل عیشا نور نے اسلام کے لیے شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔عیشا نور پاکستان کی سابقہ ٹیلی ویژن اداکارہ، ماڈل اور میزبان ہیں جنہوں نے مقبول اردو ڈراموں میں متنوع معاون کردار ادا کر کے وسیع شہرت حاصل کی۔انہوں نے فلم راستہ (2017) سے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھا تھا، وہ فی الحال مختلف چینلز پر نشر ہونے والے چند ٹیلی ویژن ڈراموں میں نظر آ رہی ہیں۔تاہم اب عیشا نور نے حال ہی میں شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے تاکہ وہ اپنی فیملی پر توجہ دے سکیں اور ایک ایسی زندگی گزار سکیں جو مکمل طور پر دینِ اسلام کے اصولوں کے مطابق ہو۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے عیشا نور نے کہا کہ جب آپ اللہ سے رہنمائی مانگتے ہیں تو وہ آپ کو عطا کر دیتا ہے، میرا خاندان پہلے ہی مذہبی رجحان رکھتا تھا، جب میری چھوٹی بہن نے قرآنِ پاک سیکھا تو اس نے مجھے بھی اسے پڑھنے کی ترغیب دی۔




