غیر بینکاری ذرائع سے خریدی گئی جائیدادوں پر جرمانے عائد نہ کئے جانیکا انکشاف

اسلام آباد (بیوروچیف) بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ، جہاں غیربینکاری ذرائع سے خریدی گئی جائیدادوں پر جرمانے عائد نہ کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریونیو اسٹاف کی ناقص حکمت عملی اور قانون پر عملدرآمد میں کوتاہی کے باعث قومی خزانے کو تقریبا 2 ارب 92 کروڑ 85 لاکھ 90 ہزار روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ بورڈ آف ریونیو 4700کیسز میں ایسی جائیدادوں پر جرمانے عائد نہیں کر سکا، جن کی خرید و فروخت بینکاری ذرائع کے بغیر کی گئی تھی، حالانکہ قانون کے مطابق 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد صرف بینکنگ چینل کے ذریعے خریدی جا سکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ غیربینکاری ذرائع سے جائیداد کی خرید و فروخت قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور اس پر جرمانہ عائد نہ کرنا نہ صرف مالی نقصان کا باعث بنا، بلکہ بعض پرائیویٹ افراد کو ناجائز فائدہ بھی پہنچایا گیا۔یہ تمام کیسز ریونیو عملے کی مبینہ غفلت یا ملی بھگت کی نشاندہی کرتے ہیں، جس پر اعلی سطحی انکوائری کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان خلاف ورزیوں پر بروقت ایکشن لیا جاتا تو یہ خطیر رقم قومی خزانے میں جمع ہو سکتی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں