اسلام آباد(بیورو چیف)سٹیٹ بینک نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے سے ملکی معیشت مستحکم ہوگئی ہے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کی پالیسیوں کے بدولت پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق توانائی کے شعبے میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، ستمبر 2025میں توانائی کے شعبے میں 87ملین ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ ہوئی۔مالیاتی کاروبار اور شعبہ خوراک میں بالترتیب 66.58 اور 25.3ملین ڈالر کی سرمایہ کاری موصول ہوئی ، ستمبر 2025کے دوران پاکستان میں کل غیر ملکی سرمایہ کاری 185.62ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں توانائی کا شعبہ 3.244ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کیساتھ سرفہرست رہا۔پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری، عالمی سطح پر پاکستان پر بڑھتے اعتماد کی عکاس ہے، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری سے صنعتی ترقی اور اقتصادی استحکام ممکن ہوگا۔ایس آئی ایف سی کے موثر اقدامات اور پالیسی اصلاحات سے پاکستان کی معیشت مستحکم اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔




