لاہور (شوبز نیوز) فلمسٹار ریشم نے کہا ہے کہ فلاحی کاموں سے دل کو بہت سکون ملتا ہے جب تک زندگی ہے اسے جاری رکھونگی فلم انڈسٹری کی تباہی کسی ایک شخص کے ہاتھوں نہیں ہوئی بلکہ اس میں پروڈیوسرز ہدایت کار اور نمائش کاروں کا بھی ہاتھ ہے جنہوں نے صرف اپنی کمائی پر توجہ دی اور فلم انڈسٹری کو اس کے حال پر چھوڑ دیا اگر ابتداء میں ہی اس کا کوئی حل نکال لیا جاتا تو یہ صورتحال نہ دیکھنا پڑتی انڈسٹری سے جڑے ہزاروں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں مگر حکومت کی طرف سے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے کوئی اقدام نہیں کئے جا رہے جو افسوسناک ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ آج کے دور میں فلم بنانا خاصا مشکل لگتا ہے کیونکہ فلم پر سرمایہ خرچ کرنے والے کو اس کا یقین چاہیے کہ اسے بھاری منافع حاصل ہو گا۔ لاہور کے نگار خانے ویران ہیں، کراچی میں ڈرامہ انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوا اب صرف وہی جگہ بچی ہے جہاں فنکاروں کو ایڈجسٹ کیا جا سکا ہے تاہم ڈرامہ انڈسٹری میں بھی من مرضی کے فنکاروں کو ہی کام مل رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ فلم انڈسٹری سے وابسطہ افراد کی مشکلات کے پیش نظر فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔




