فوڈ سیکٹر سے مقررہ سیلز ٹیکس سے زائد وصولی کا انکشاف

لاہور (بیوروچیف) فوڈ سیکٹر کی جانب سے صارفین سے مبینہ طور پر مقررہ شرح سے زیادہ سیلز ٹیکس وصول کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف فوڈ چینز اور کافی شاپس کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی پر بھی 16فیصد ٹیکس وصول کر رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تحت بعض سروسز پر ڈیجیٹل ادائیگی کی صورت میں رعایتی ٹیکس شرح مقرر کی گئی ہے، جبکہ مختلف سرو س سیکٹرز میں کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ٹیکس کی شرح 5یا 8فیصد رکھی گئی ہے۔ اس کے برعکس کیش ادائیگی پر ٹیکس کی شرح 16فیصد مقرر ہے۔اطلاعات کے مطابق کیش ادائیگی پر 16فیصد ٹیکس کے باوجود ڈیجیٹل ادائیگی پر بھی مبینہ طور پر یہی شرح وصول کی جا رہی ہے، جبکہ قومی اور بین الاقوامی فوڈ برانڈز پر بھی رعایتی ٹیکس شرح پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ کریڈٹ کارڈ اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگیوں پر مقررہ رعایتی ٹیکس شرح کا فوری اطلاق یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مقررہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں