فیصل آباد شہر کی تاجر تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے سینئر رہنمائوں حاجی منیر احمد نورانی ، شیخ محمد یاسین قادری، چوہدری محمد عارف، شیخ منصور احمد اور شیخ احمد قادری نے کہا ہے کہ تاجر اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیموں کی گروپ بندی کی وجہ سے تاجروں کے جائز مسائل بھی حال نہیں ہورہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تاجر تنظیمیں اپنے اختلافات ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے کہا کہ آٹھ بازاروں میں آنے والے تاجروں اور شہریوں کو کم از کم آنے جانے کے لئے موٹر سائیکل پر آنے کی اجازت دے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انکروچمنٹ کاخاتمہ احسن اقدام ہے راستے بھی کشادہ ہوچکے ہیں۔ آٹھ بازاروں کے تاجروں کو پر سکون طریقے سے کاروبار کرنے دیا جائے اور شہر کو ہنستا بستا رہنے دیا جائے۔ انہوں نے میاں عبدالمنان، طاہر جمیل میاں ایم ۔پی ۔اے، خواجہ محمد اسلام، امتیاز ربانی بلو سمیت دیگر رہنمائوں سے کہا کہ شہر بھر کی تاجر تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ایک تاجر تنظیم کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ تاجروں کے مسائل حل ہوسکیں۔ تاجروں کے نام پر اپنی سیاست کرنے والے اور مارکیٹوں اور بازاروں میں دو۔دو اور تین ۔تین تنظیمیں بنانے والے تاجر برادری پر رحم کھائیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بازاروں میں داخلے کیلئے آسانی کی جائے تاجروں اور شہریوں کو اپنے شہر میں آنے جانے کی سہولت دی جائے۔ تاکہ آٹھ بازاروں اور مارکیٹوں کے تاجروں کی مشکلات ختم ہوسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں